ابو ظہبی؍ نئی دہلی ، 2 ؍مارچ (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا ) وزیر خارجہ سشما سوراج نے جمعہ کو ابو ظہبی میں مسلم ممالک کی تنظیم آرگنائزیشن آف اسلامک کو آپریشن (OIC) کے اجلاس میں دہشت گردی کا مسئلہ اٹھایا۔ بھارتی وزیر خارجہ نے کہا کہ دہشت گردی کیخلاف جنگ کسی مذہب کے خلاف نہیں ہے۔ سشما سوراج نے رگ وید کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ خدا ایک ہے اور تمام مذاہب کا مطلب ہے’ امن‘۔ واضح ہو کہ اوآئی سی کی میٹنگ میں بھارت کو بطور مہمان آف آنر مدعو کیا گیا تھا۔اوآئی سی کے پلیٹ فارم سے انہوں نے زور دے کر کہا کہ دنیا آج دہشت گردی کے مسئلے سے دوچار ہے اور دہشت گرد تنظیموں کی دہشت گردی فنڈنگ پر روک لگنی چاہئے۔ انہوں نے بغیر کسی ملک کا نام لئے پاکستان سپانسر دہشت گردی کا بھی ذکر کیا، جس سے بھارت طویل وقت سے دوچار ہے۔سشما سوراج نے کہا کہ بھارت دہشت گردی کا شکار ہے۔ دہشت گردی کا دکھ اور اس کا دائرۂ کار بھی بڑھ رہا ہے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ آج دہشت گردی اور انتہا پسندی ایک نئی سطح پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کو تحفظ اور پناہ دینے پر روک لگنی چاہئے۔ دہشت گرد تنظیموں کی فنڈنگ پر قدغن لگنی چاہیے ۔ بھارتی وزیر خارجہ سشما نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کسی مذہب کے خلاف محاذ آرائی نہیں ہے۔ مذہب کو امن کا مترادف قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ :جس طرح اسلام کا مطلب امن ہے، اللہ کے 99 ناموں میں سے کسی بھی نام کا مطلب تشدد نہیں ہے، اسی طرح ہر مذہب میں امن کی گنجایش ہے اور امن ہی اس کا اصل محور ہے۔بھارت کی شاندار ثقافت کا حوالہ دیتے ہوئے بھارتی وزیر خارجہ نے کہا کہ دیومالائی کتاب رگ وید کے اقتباس شدہ ’اشلوک ‘ پڑھتے ہوئے کہا کہ:’ بھارت کے لئے تکثیریت کو اپنانا ہمیشہ آسان رہا ہے ؛کیونکہ یہ دیو مالائی کتاب ’رگ وید‘ میں بھی ہے ، پھر اس کے بعد رگ وید کے اشلوک بھی پڑھے ۔ بھارت کی مذہبی اور ثقافتی تکثیریت کا ذکر کرتے ہوئے سشما سوراج نے کہا کہ ہندوستان میں ہر مذہب اور ثقافت کا احترام ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ بھارت کے مسلمان مبینہ زہریلے پرو پیگنڈہ سے متاثرنہیں ہوئے ہیں ۔